.

فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی پولیس اہلکار کو چاقو گھونپ دیا

مقبوضہ القدس میں زخمی اسرائیلی اہلکار کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شدید زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مقبوضہ بیت المقدس میں ایک فلسطینی نوجوان نے اسرائیلی بارڈر پولیس کے ایک اہلکار کو چاقو گھونپ کر گھائل کردیا ہے۔اس پولیس اہلکار نے جوابی فائرنگ کرکے فلسطینی نوجوان کو شدید زخمی کردیا ہے۔

چاقو گھونپنے اور فائرنگ کا یہ واقعہ مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے باب الدمشق کے باہر پیش آیا ہے اور اسرائیلی پولیس نے اس کو دہشت گردی کا مشتبہ حملہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حملہ آور فلسطینی کی عمر اٹھارہ سال ہے اور وہ غرب اردن سے تعلق رکھتا ہے۔

اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا سامری نے کہا ہے کہ ''غربِ اردن سے تعلق رکھنے والے ایک اٹھارہ سالہ نوجوان نے بارڈر پولیس کے افسر کو گردن میں چاقو گھونپ کر زخمی کردیا تھا۔اس کو تشویش ناک حالت میں عین کیرم میں واقع اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے''۔

ترجمان کے بہ قول بارڈر پولیس افسر نے زخمی ہونے کے باوجود حملہ آور پر جوابی فائرنگ کی ہے جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا ہے۔اس واقعے سے دو روز قبل رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے روز ایک فلسطینی نے مغربی کنارے کے شہر رام اللہ کے نزدیک ایک اسرائیلی کوہ پیما کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔