.

میدان جنگ سے فرار حزب اللہ کے 175 جنگجو گرفتار

شامی علاقے الزبدانی میں گھمسان کی لڑائی، اسدی فوج کو پسپائی کا سامنا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام کے دارالحکومت دمشق کے قریبی شہر الزبدانی میں باغیوں، شامی فوج کے درمیان اور اس کی حامی ملیشیا کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ شامی فوج نے پیش قدمی کے لیے بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے ہیں تاہم الزبدانی میں پیش قدمی میں ناکام رہی ہے۔ دوسری جانب الزبدانی شہرمیں لڑائی کے دوران فرار ہونے والے 175 حزب اللہ جنگجوئوں کو تنظیم نے دوبارہ گرفتار کرنا شروع کیا ہے۔

العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الزبدانی میں جاری لڑائی کے مختلف محاذوں پر شامی فوج اور اس کی حامی ملیشیا حزب اللہ باغیوں پر مسلسل حملے کر رہی ہیں۔ زمینی فوج کی پیش قدمی کے لیے شام کے جنگی طیاروں نے الزبدانی پر پچھلے چند ایام میں کم سے کم 470 بیرل بم حملے اور 400 راکٹ حملے کیے ہیں۔ لڑائی کے دوران حزب اللہ کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے کیونکہ کم سے کم 120 حزب اللہ جنگجو ہلاک اور 210 زخمی ہوئے ہیں جب کہ سیکڑوں کے فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حزب اللہ نے 175 مفرور جنگجوئوں کو دوبارہ گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔