.

اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ ، فلسطینی نوجوان شہید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیلی فوجیوں نے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شہر جنین کے نزدیک ایک گاؤں میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک بائیس سالہ فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا ہے۔

فلسطینی ذرائع کے مطابق جنین کے مغرب میں واقع گاؤں برقین میں بدھ کو اسرائیلی فوجیوں نے چھاپہ مار کارروائی کی ہے۔اس دوران ان کی فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی ہے اور انھوں نے فائرنگ کردی جس سے بائیس سالہ نوجوان محمد علونہ شہید ہوگیا ہے۔

اسرائیلی فوجیوں نے علونہ کو سیدھے چھاتی میں گولی ماری ہے۔اس کو فوری طور پر جنین کے اسپتال میں منتقل کیا گیا ،جہاں وہ دم توڑ گیا۔اسرائیلی فوج نے اس واقعے کے فوری بعد کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

غربِ اردن میں اسرائیلی فورسز آئے دن فلسطینیوں کی پکڑ دھکڑ کے لیے کریک ڈاؤن کارروائیاں کرتی رہتی ہیں۔ گذشتہ ماہ بھی جنین میں ایسی ہی کارروائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی کو گولی مار کر شہید کردیا تھا۔