.

غزہ : مکان میں بم دھماکا،چار افراد جاں بحق ، 30 زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے میں ایک مکان میں پُراسرار بم دھماکے میں چار فلسطینی جاں بحق اور تیس زخمی ہوگئے ہیں۔

غزہ میں حماس کے تحت وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا ہے کہ جمعرات کو یہ بم دھماکا سرحدی قصبے رفح کے نزدیک واقع الشابورہ مہاجر کیمپ میں ایک مکان میں ہوا ہے۔انھوں نے واقعے میں چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور مزید بتایا ہے کہ چار زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

فوری طور پور دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔غزہ کی پٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ بم دھماکے کا سبب معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں۔

حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے ایک بیان میں اس حادثاتی بم دھماکے میں اپنے ایک رکن عبدالرحمان ابو نقیرہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔