.

عراق: فضائی حملے میں داعش کے زیر انتظام فلوجہ کا اسپتال تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراقی فضائیہ نے شورش زدہ مغربی صوبے الانبار کے شہر فلوجہ میں داعش کے زیر انتظام خواتین اور بچوں کے ایک اسپتال کو بمباری کرکے تباہ کردیا ہے۔فضائی حملے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

الانبار کی صوبائی کونسل کا کہنا ہے کہ عراقی طیارے فلوجہ سے دو کلومیٹر جنوب میں واقع گاؤں نصاف میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کر رہے تھے۔اس دوران اسپتال بھی ان کی بمباری کی زد میں آگیا ہے۔

عراق کے ایک سینیر عہدے دار کا کہنا ہے کہ لڑاکا طیاروں کی بمباری میں بائیس خواتین اور بچے ہلاک ہوگئے ہیں۔دوسری جانب عراق کی وزارت دفاع کے ترجمان یحییٰ رسول نے اسپتال پر فضائی حملے سے متعلق دعوے کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ عراقی فوج اسپتالوں ،اسکولوں اور دوسری شہری تنصیبات کو جنگجوؤں کے قبضے کی صورت میں بھی نشانہ نہیں بناتی ہے۔