.

مصری فوج کا شورش زدہ شمالی سیناء میں بڑا آپریشن

فورسز کی کارروائی میں 29 شرپسند ہلاک،بم دھماکے میں دو فوجی مارے گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر نے شورش زدہ علاقے شمالی سیناء میں داعش کے جنگجوؤں کے خلاف ایک بڑی کارروائی شروع کی ہے اور منگل کو پہلے روز انتیس مشتبہ جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔

مصری فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ''شمالی سیناء کے شہروں رفح ،شیخ زوید اور العریش میں پولیس اور آرمی کے یونٹوں نے علی الصباح دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے معرکہ حق الشہید (آپریشن شہید کا حق) کے نام سے کارروائی شروع کی ہے''۔

بیان کے مطابق''اس کارروائی میں انتیس شرپسند ہلاک کردیے گئے ہیں جبکہ فوج کی ایک گاڑی بم دھماکے میں تباہ ہونے سے ایک افسر اور ایک نان کمیشنڈ فوجی ہلاک اورچار زخمی ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور غزہ کی پٹی کے ساتھ واقع سرحدی صوبے شمالی سیناء میں جولائی 2013ء میں مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد سے شورش پسندی جاری ہے اور مختلف جنگجو گروپ سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں۔ان میں سب سے نمایاں داعش سے وابستہ جنگجو گروپ صوبہ سیناء ہے۔

صوبہ سیناء عراق اور شام میں برسرپیکار سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے ساتھ وابستہ ہے۔اس تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ مرسی نواز مظاہرین کے خلاف فوج اور پولیس کے کریک ڈاؤن اور اب ججوں کے سخت فیصلوں کے ردعمل میں یہ حملے کررہی ہے۔اس کے جنگجوؤں کے حملوں میں سیکڑوں پولیس اہلکار اور فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

مصری سکیورٹی فورسز نے اس سے پہلے بھی شمالی سیناء میں جنگجو گروپوں کے خلاف گذشتہ مہینوں کے دوران ایک بڑی کارروائی کی تھی۔مصری فوج کا کہنا ہے کہ اس نے سیناء میں کارروائیوں کے دوران ایک ہزار سے زیادہ جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے لیکن ابھی تک وہ شورش پسندی پر قابو پانے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔