.

شام میں روسی فوجی کی خود کشی، ساتھی کی تردید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

روسی فوج نے اطلاع دی ہے کہ شام کے محاذ جنگ پر اس کا پہلا جانی نقصان ایک فوجی اہلکار کی خود کشی کرنے کے باعث ہوا ہے۔ ستمبر سے شام میں جاری شامی فوجی کارروائی کے دوران کسی روسی فوجی کی شام میں ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

روسی خبر رساں ایجنسی"انٹرفیکس" نے ماسکو وزارت دفاع کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کا ایک فوجی اہلکار "حمیمیم " فوجی اڈے پر خود کشی کرنے سے ہلاک ہوا ہے۔ بیان میں کہا گیاہے کہ فوجی کی خود کشی کی ابتدائی اطلاعات اس کے موبائل فون سے ملنے والی معلومات سے حاصل کی گئی ہیں۔ خود کشی کی وجہ فوجی کا کسی خاتون کے ساتھ مبینہ معاشقہ بیان کیا جاتا ہے تاہم روس واقعے کی مختلف پہلوئوں سے تحقیقات کر رہا ہے۔

دوست کی جانب سے تردید

شام میں روسی فوجی کی ہلاکت کے بارے میں اب تک متضاد نوعیت کی اطلاعات آ رہی ہیں۔ مبینہ طور پر خود کشی کرنے والے 19 سالہ فادیم کوسٹنکو کے اہل خانہ کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ خود کشی کرنے والا اہلکار نیا بھرتی نہیں ہوا تھا بلکہ ایک پیشہ ور سپاہی تھا جس کا آبائی تعلق جنوبی روس کے کراسنوارڈ کے علاقے سے ہے۔

خاندانی ذرائع کاکہنا ہے کہ ان کے پاس فوجی کی ہلاکت کی وجوہات کا کوئی ٹھوس علم نہیں ہے۔ ہمیں اس کی وفات کی خبر ہفتے کے روز ملی تھی۔ اسے اسی ہفتے آبائی شہر میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

مقتول فوجی کے ایک دوست گریگوری ڈونسکیخ کا کہنا ہے کہ کوسٹنکو اس کے ساتھ روس میں بھی ایک ہی جگہ ڈیوٹی دیتا رہا ہے۔ میں اسے اچھی طرح جانتا ہوں۔ وہ خود کشی کرنے والا انسان نہیں۔ اس لیے اس کی موت کو خود کشی قرار دینا درست نہیں ہے۔

وزارت دفاع کا تبصرے سے انکار

روسی وزارت دفاع نے اپنے ایک پہلے بیان میں فوجی اہلکار کی ہلاکت پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ جب فرانسیسی خبر رساں ایجنسی"اے ایف پی" کے ایک نمائندے نے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخاروفا سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ اس موضوع پر ہمارے پاس کوئی ٹھوس معلومات نہیں ہیں۔

ماسکو حکومت کے ایک دوسرے ترجمان دیمتر بیسکوف نے روی خبر رساں اداروں سے بات کرتے ہوئے بھی کہا کہ ان کے پاس شام میں کسی فوجی کی ہلاکت یا موت کی کوئی خبر نہیں ہے۔

روس کی ایک غیر سرکاری تنظیم کے چیئرمین سیرگی کریفنکو نے وزارت دفاع کے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ شام میں 10 روز قبل ایک فوجی کی موت ہوئی تھی تاہم فوجی کی موت کا سبب بیماری کا کوئی اور صدمہ بتایا گیا تھا۔