اصلاح پسندوں کی فتح سے قدامت پرست ایرانی خوف زدہ

’امریکا مجلس شوریٰ کے ذریعے ایران میں مداخلت کر سکتا ہے‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

ایران کے ایک سینیر حکومتی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ سال فروری میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں امریکا مجلس شوریٰ کے انتخابات پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو براہ راست جواب دہ مسلح افواج کے سیاسی شعبے کے انچارج غلام رضا صفائی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئندہ سال پارلیمانی انتخابات میں اصلاح پسندوں کی کامیابی کے بھی قوی امکانات موجود ہیں۔

خبر رساں ایجنسی’’تسنیم‘‘ کی رپورٹ کے مطابق رضا صفائی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای بار بار دشمنوں کی مداخلت کے بارے میں متنبہ کر چکے ہیں۔ آیت اللہ علی خامنہ ای کا یہ خیال درست ہے کہ امریکا ایران میں اپنے اثر و نفوذ کو بڑھانے کی سازشیں کر رہا ہے اور اس مقصد کے لیے ایرانی اپوزیشن قوتوں کی مدد لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا مجلس شوریٰ [پارلیمنٹ] اور گارڈین کونسل کے انتخابات کے ذریعے ملک میں مداخلت کر سکتا ہے۔

خیال رہے کہ ایران میں اصلاح پسندوں اور بنیاد پرست عناصر کے درمیان سیاسی رسا کشی کا سلسلہ کئی سال سے جاری ہے۔ تہران میں فیصلہ ساز اداروں کی باگ ڈور بنیاد پرستوں کے ہاتھوں میں ہے۔ مجلس شوریٰ، دستوری کونسل اور گارڈین کونسل میں شدت پسند نظریات رکھنے والے لوگوں کی اکثریت ہے اور وہ پوری قوت کے ساتھ اصلاح پسندوں کو ان اداروں تک رسائی سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگرچہ صدر حسن روحانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پارلیمانی انتخابات میں ملک کے تمام طبقات کو یکساں نمائندگی دی جائے گی مگران کا یہ وعدہ ایفاء ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

گذشتہ جمعہ کو مشہد شہر کے دورے کے دوران صدر حسن روحانی نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینا ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں کہا کہ انتخابات کو شفاف اور غیر جانب دار بنانے کی حکومتی مساعی کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی الیکشن کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

ادھر جامع تہران کے خطیب کاظم صدیقی نے بھی اپنی تقریر میں ایک بار پھر مغرب اور امریکا کو خوب رگیدا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور مغرب انتخابی عمل کے ذریعے تہران کے ریاستی اداروں تک رسائی کی سازش کر سکتے ہیں۔ کاظم صدیقی کا کہنا تھا کہ ایران میں آئندہ سال فروری میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ امریکا اور مغرب ان انتخابات کے ذریعے اپنے ایجنٹ مجلس شوریٰ تک پہنچانے کی سازش کر سکتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں