.

شام : داعش کی اسکول پر گولہ باری ،9 طالبات ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

داعش کے جنگجوؤں نے شام کے مشرقی شہر دیرالزور میں ایک اسکول پر گولہ باری کی ہے جس سے نو طالبات ہلاک اور بیس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

شام کے سرکاری میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ''دہشت گردوں'' نے دیرالزور میں حکومت کے زیر قبضہ علاقے پر گولہ باری کی ہے جس سے نو طالبات ماری گئی ہیں۔ اس شہر اور اسی نام کے صوبے کے بیشتر علاقوں پر داعش کا قبضہ ہے۔البتہ صوبائی دارالحکومت کے بعض علاقوں میں حکومت کی عمل داری قائم ہے۔

برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ اسکول پر گولہ باری سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔آبزرویٹری کے مطابق گذشتہ مہینوں کے دوران دیرالزور میں گولہ باری سے بیسیوں افراد مارے جاچکے ہیں۔

شام میں جاری جنگ کے دوران تعلیمی اداروں بھی محفوظ نہیں ہیں اور انھیں اکثر فضائی حملوں یا توپ خانے سے گولہ باری میں نشانہ بنایا جاتا ہے۔گذشتہ ہفتے دمشق کے نواح میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقے میں اسکولوں پر بمباری سے بیسیوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔دمشق میں رہائشی علاقے پر مارٹروں کے حملوں میں تین افراد ہلاک اور تیس زخمی ہوگئے تھے۔ان میں زیادہ تر ایک اسکول کے طلبہ تھے۔