.

شاہ سلمان آج شوریٰ کونسل سے خطاب کریں گے

چھٹے سیشن کے چوتھے شوریٰ سال کا آغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آج بدھ کو شوریٰ کے چھٹے سیشن کے چوتھے سال کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس موقع پر شاہ سلمان خصوصی سالانہ خطاب کریں گے جس میں مملکت کی داخلہ اور خارجہ پالیسیوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔

العربیہ ڈاٹ کے مطابق سعودی عرب کی مجلس شوریٰ کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ نے کہا ہے کہ شاہ سلمان آج بدھ کو شوریٰ کے اجلاس میں سالانہ شاہی خطاب کریں گے۔ شاہ سلمان کی جانب سے شوریٰ کے اجلاس میں شرکت کرنا باعث سعادت ہے۔ وہ اپنے خطاب میں ملک کی داخلہ اور خارجہ پالیسی کے بارے میں تفصیلی گفتگو کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں تمام قومی نوعیت کے ایشوز، معاشی ترقی اور دیگر اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں علاقائی صورت حال، پڑوسی ملکوں میں جاری کشیدگی اور عرب ممالک میں جاری شورش کے بارے میں سعودی عرب کی آئندہ کے لیے حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا۔

مجلس شوریٰ کے چھٹے سیشن کے تیسرے سال کے اختتام پر گذشتہ سال کیے گئے اہم اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ نئے سیشن میں کئی اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔ کابینہ کی جانب سے کیے گئے بعض حالیہ فیصلوں بالخصوص البیضاء گورنری کی اراضی پر اضافی ٹیکس کے فیصلے کی بھی توثیق کی جائے گی۔ اس کے علاوہ حج کمیشن، ہائوسنگ اور پبلک سروس کے شعبے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔