.

برسات سیزن کی آمد، مسجد حرام کے لیے جامع پلان تیار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں حرمین شریفین کے نگران ادارے نے موسم برسات کی آمد سے پیشتر معتمرین اور زائرین کے تحفظ کے لیے جامع پلان تیار کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق موسم برسات کے حوالے سے تیار کردہ خصوصی پلان میں زائرین کی ضروریات کے پیش نظر امدادی کارکنوں، رضاکاروں کا خصوصی عملہ اور سپروائزری آلات مہیا کیے گئے ہیں تا کہ قاصدین حرمین شریفین کو عبادات اور مناسک کی ادائی کا پرسکون اور آرام دہ ماحول مہیا کیا جا سکے۔

مسجد حرام میں سروسز امور کے ڈپٹی سیکرٹری مشہور المنعمی نے بتایا کہ حرمین کے نگراں ادارے نے موسم برسات کی آمد سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ برسات سیزن میں بھی حرمین شریفین کے روحانی ماحول کو برقرار رکھا جا سکے۔

مسجد حرام کے فرش کی صفائی کے ذمہ دار ادارے کو پانی خشک کرنے والی مشینوں کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ حرم کے اندر اور اس کے باہر جمع ہونے والے پانی کو نکالنے، بارشی پانی کو ہنگامی بنیادوں پر ذخیرہ کرنے، واٹر پروف کپڑوں اور بارش سے تحفظ دینے والے بڑی تعداد میں چھتریوں کے ساتھ ساتھ پھسلن سے بچنے کے لیے پلاسٹک واکر بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔