.

تل ابیب میں فائرنگ، دو افراد ہلاک سات زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیل کی پولیس کا کہنا ہے کہ وسطی تل ابیب میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور کم سے کم سات افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس ترجمان مکی روزن فیلڈ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار تل ابیب کے علاقے میں مشتبہ شخص کو تلاش کر رہے ہیں۔

یہ واقعہ ڈیزنگوف سٹریٹ میں ایک بار میں پیش آیا ہے۔ تاہم ابھی تک فائرنگ کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ ایک عینی شاہد نے اسرائیلی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ حملہ آور نوجوان تھا اور اس کے پاس رائفل تھی۔

پولیس کے ترجمان میکی روزن فیلڈ کا کہنا ہے کہ تل ابیب کے مختلف علاقوں میں انسدادِ دہشت گردی اور خفیہ اداروں کے یونٹس کام کر رہے تھے اور کسی بھی حملے کے حوالے سے خاص وارننگ نہیں تھی۔

تاہم دوسری جانب یروشلم پوسٹ نے شہر کے میئر کے حوالے سے خبر دی ہے کہ انھوں نے جائے وقوعہ پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ ’یہ بظاہر قوم پرستی کے جذبات سے متاثر ہو کیا جانے والا دہشت گردی کا حملہ ہے۔‘

23 دسمبر کو 21 اسرائیلیوں کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا جن میں سے زیادہ تر کو فلسطینیوں کی جانب سے چاقو کے وار اور گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ کم سے کم 131 فلسطینی بھی شہید ہوئے ہیں جن میں آدھے سے زیادہ کے بارے میں اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حملہ آور تھے جبکہ دیگر اسرائیلی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں جان سے گئے۔