.

حزب اللہ کا اسرائیلی فوج کی گشتی پارٹی پر بم حملہ

اسرائیلی فوج کی حملے کے ردعمل میں لبنان کے سرحدی قصبے پر گولہ باری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ نے لبنان اور شام کے درمیان سرحد کے نزدیک واقع متنازعہ علاقے مِیں اسرائیلی فوج کی ایک گشتی پارٹی پر دھماکا خیز مواد سے حملہ کیا ہے،جس سے ایک فوجی گاڑی تباہ ہوگئی ہے۔اس بم حملے کے ردعمل میں اسرائیلی فوج نے لبنان کے سرحدی علاقے کی جانب گولہ باری کی ہے۔

حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شبعا فارمز کے علاقے میں بم دھماکے سے فوجی گاڑی میں سوار اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے سوموار کے روز اپنی ایک گشتی پارٹی پر بم حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس کو لبنان کے جنوبی علاقے کے نزدیک شبعا فارمز میں نشانہ بنایا گیا ہے۔اس کے جواب میں اسرائیلی فوج نے لبنان کے ایک سرحدی قصبے پر گولہ باری کی ہے۔

لبنان کے سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شبعا فارمز کے علاقے میں واقع دو دیہات پر توپ خانے سے گولے داغے ہے۔قبل ازیں حزب اللہ کے ذرائع نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے افسروں کو شبعا فارمز میں بم حملے میں ہدف بنایا گیا تھا اور ایک اسرائیلی بلڈوزر تباہ کردیا گیا ہے۔

اس بیان سے قبل حزب اللہ کے زیر انتظام المنار ٹیلی ویژن نے آل وزانی کے علاقے میں اسرائیلی فورسز پر بم حملے کی اطلاع دی تھی مگر اس کی وضاحت نہیں کی تھی۔