.

اسرائیلی فوج کا بیرزیت یونی ورسٹی کے کیمپس پر دھاوا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیلی فوج نے پیر کے روز مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں واقع بیرزیت یونی ورسٹی کے کیمپس پر دھاوا بول دیا ہے اور بعض دفاتر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی ہے۔

اسرائیلی فوجی جامعہ میں طلبہ کونسل کے صدر دفتر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگئے۔انھوں نے دفتر میں موجود کمپیوٹرز قبضے میں لے لیے اور تلاشی کے بعد صدر دفتر میں پڑے فرنیچر کو توڑ دیا۔

علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے طلبہ بلاکس کے دفاتر پر بھی دھاوا بول کر وہاں سے بڑی تعداد میں بینرز، جھنڈے، ڈرم اور ساؤنڈ سسٹم کے آلات اور طلبہ کے پمفلٹس اور کتابچے ضبط کرلیے ہیں۔

اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے کے علاقے بیتونیا سے اسی یونی ورسٹی کے ایک طالب علم کو گھر سے گرفتار کرلیا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اسرائیلی فوج نے جامعہ بیرزیت پر دھاوا بولا ہے۔ اس سے پہلے بھی متعدد فلسطینی جامعات میں اسرائیلی فوج چھاپہ مار کارروائیاں کر چکی ہے۔