.

مصر: مسلح افراد کے حملے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے شورش زدہ علاقے شمالی سیناء میں مسلح افراد نے ایک چیک پوائنٹ پر حملہ کرکے پانچ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا ہے۔

مصر کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ مسلح افراد نے شمالی سیناء کے دارالحکومت العریش میں بدھ کی رات ایک چیک پوائنٹ پر فائرنگ کی تھی جس کے بعد ان کا پولیس اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار مارے گئے اور تین رنگروٹ زخمی ہوگئے ہیں۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے فورسز کارروائی کررہی ہیں۔فوری طور پر کسی گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔واضح رہے جزیرہ نما سیناء میں داعش اور دوسرے گروپوں سے وابستہ سے وابستہ جنگجوؤں نے مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی جولائی 2013ء میں برطرفی کے بعد سے سکیورٹی فورسز کے خلاف جنگ برپا کررکھی ہے اور وہ آئے دن فوج اور پولیس اہلکاروں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔

مصری حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں اب تک سیکڑوں سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔اسرائیل اور غزہ کی پٹی کے ساتھ واقع سرحدی صوبے شمالی سیناء میں مختلف جنگجو گروپ مصری سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں۔ان میں سب سے نمایاں داعش سے وابستہ جنگجو گروپ صوبہ سیناء ہے۔

اس گروپ کا مؤقف ہے کہ وہ مرسی نواز مظاہرین کے خلاف فوج اور پولیس کے کریک ڈاؤن اور ججوں کے سخت فیصلوں کے ردعمل میں یہ حملے کررہاہے۔مصری فوج کا کہنا ہے کہ اس نے سیناء میں کارروائیوں کے دوران ایک ہزار سے زیادہ جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے لیکن ابھی تک وہ شورش پسندی پر قابو پانے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔