.

ایران نے بحرین انٹرنیشنل ایئرشو میں روس کی شرکت میں رخنہ ڈال دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بحرین کے روزنامے الایام نے خصوصی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ "بحرین انٹرنیشنل ایئر شو" میں شرکت کی متمنی روسی ٹیم "Russian Knights" جس کو ایونٹ کے دوران اپنے فن کا مظاہرہ کرنا تھا، ایران کی جانب سے فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے بحرین پہنچنے میں ناکام ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق، روسی ٹیم نے اس بین الاقوامی ایونٹ میں اپنی شرکت کا اعلان کیا تھا جس کی متعدد روسی ذرائع ابلاغ کے ذریعے تصدیق بھی کی گئی تھی۔ تاہم ایرانی حکام نے اپنی فضاؤں سے گزرنے پر موافقت کو یکسر مسترد کیے بغیر اس میں ٹال مٹول سے کام لیا، جس کے نتیجے میں روسی ٹیم کی ایئرشو میں شرکت کا امکان ختم ہوگیا۔

دوسری جانب ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے وزیر کمال احمد کا کہنا ہے کہ سابقہ نمائشوں کے مقابلے میں حالیہ ایونٹ میں شریک عسکری اور شہری کمپنیوں اور معاہدوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار ایونٹ میں 139 کمپنیاں شرکت کررہی ہیں جب کہ طے پائے جانے معاہدوں کا حجم 42 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

یہ بات بحرین کی قومی فضائی کمپنی "گلف ایئر" کی ایک پریس کانفرنس کے ضمن میں سامنے آئی۔ اس دوران یہ بھی بتایا گیا گلف ایئر نے 45 نئے بوئنگ اور ایئر بس طیاروں کی خریداری کے لیے 7.6 ارب ڈالر کے معاہدے کیے ہیں۔ ان میں 16 بوئنگ 787-9 Dreamliners طیارے، 17 ایئربس A321neo طیارے اور 12 ایئر بس A320neo طیارے شامل ہیں۔

بحرینی وزیر نے واضح کیا کہ تمام طیاروں کی ڈیلیوری 2018 کی دوسری سہہ ماہی تک مکمل ہوجائیگی۔ انہوں نے باور کرایا کہ نئے طیاروں کی وصولی کے بعد گلف ایئر مستقبل میں اپنے روٹ نیٹ ورک کی توسیع کی ضروریات پوری کرنے کے قابل ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ خطے میں ایک جدید ترین فضائی بیڑے کی حامل ہونے کے ساتھ ساتھ گلف ایئر پر صارفین کے اعتماد اور پروزاوں کے اوقات کی پابندی کو بھی برقرار رکھ سکے گی، جس کی بنا پر وہ عالمی سطح پر شہرت رکھتی ہے۔

ادھر مشرق وسطی، روس اور وسطی ایشیا کے لیے بوئنگ کمپنی کے سینئر وائس پریزیڈنٹ (سیلز) مارٹی بینٹروٹ کا کہنا ہے کہ " بوئنگ کمپنی کے لیے یہ بات قابل فخر ہے کہ اس کے 787 ماڈل کے طیارے گلف ایئر کے بیڑے کا بنیادی حصہ ہوں اور طویل مسافت کے بین الاقوامی فضائی روٹس کے لیے کمپنی کی علامت بن جائیں۔ 787 طیاروں سے گلف ایئر پر صارفین کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا اور ان میں سفر کرنے والے مسافروں کو زیادہ راحت اور آرام میسر آئے گا"۔

گلف ایئر تجارتی سطح پر ثابت قدمی کے حصول کے لیے مسلسل اپنے آپریشنز کو منظم کرنے کے مشن میں مصروف ہے۔ اس دوران فضائی کمپنی نے 2012 سے اب تک اپنے مجموعی خسارے کو 85 ٪ تک کم کرلیا ہے۔ مثبت اشاریوں کے ساتھ حکمت عملی کی سمت، گلف ایئر کی مالی صورت حال کی بحالی اور مستقل مثبت تبدیلی کو یقینی بنانے کا واضح ثبوت ہے۔ اس حکمت عملی میں مستقبل میں کمپنی کے روٹ نیٹ ورک کی ضروریات پوا کرنے کے لیے بیڑے کی ترقی اور اس کی جدیدیت کے عامل کو بہتر بنانا بھی شامل ہیں۔