.

سعودی عرب: "امن عامہ" سے متعلق خصوصی ایپلی کیشن متعارف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں امن عامہ کے ڈائریکٹوریٹ نے "كلنا أمن" (ہم سب سیکورٹی ہیں) کے نام سے ایک نئی موبائل فون ایپلی کیشن متعارف کرا دی ہے۔ اس نئی ایپلی کیشن کا مقصد شہریوں اور غیرملکی مقیمین کو Interactive technology security system کا حصہ بنانا ہے۔ یہ اقدام وزارت داخلہ کی جانب سے ان کوششوں کا حصہ ہے جو وہ شہریوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان رابطے کو جدید ٹکنالوجی کے ذریعے آسان اور تیز تر بنانے کے لیے کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں اسمارٹ فونز کے استعمال سے امن عامہ سے متعلق اطلاعات پر سیکورٹی اہل کاروں کے جلد ردعمل کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا جس کے نتیجے میں شہریوں اور مقیمین کو مزید سہولت اور اطمینان حاصل ہو گا۔

امن عامہ کے ڈائریکٹر لیفٹننٹ جنرل عثمان المحرج کے مطابق اس ایپلی کیشن کا آئیڈیا مملکت کے ولی عہد اور وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف کی براہ راست سپورٹ اور ہدایات کی بنیاد پر شروع ہوا۔ اس کا مقصد ان تمام تر وسائل کو بروئے کار لانا ہے جن کے ذریعے سیکورٹی سسٹم میں شہریوں اور مقیمین کے فعال کردار اور شرکت کی سطح کو مزید بڑھایا جاسکے۔ امن عامہ کے ڈائریکٹوریٹ کی کوشش ہے کہ اس ایپلی کیشن کے ذریعے عام لوگوں کی جانب سے غیرمعمولی واقعات کی فوری اطلاع کو ممکن بنایا جائے۔ جس کے بعد یہ اطلاعات پوری مملکت میں پھیلے ہوئے 39 آپریشنز روم کو پہنچ جائیں گی تاکہ فوری اقدامات کیے جاسکیں۔ خواہ یہ واقعات سکیورٹی کے گشتی دستوں، ٹریفک سے یا روڈ سکیورٹی جس سے بھی متعلق ہوں گے وہ فورس فورا متحرک ہوگی۔ انہوں نے باور کرایا کہ شہریوں اور مقیمین کی جانب سے دی جانے والی اطلاعات پر مکمل رازداری اور اعلی پیشہ ورانہ طریقے سے عمل درامد کیا جائے گا۔

عثمان المحرج کے مطابق مملکت کا کوئی بھی شہری یا مقیم "كلنا أمن" ایپلی کیشن کو iOS ، اینڈروائڈ یا ونڈوز کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کرسکتا ہے۔ اس کے لیے پہلے اپنا شناختی نمبر اور موبائل فون نمبر داخل کرکے اندراج کرانا ہوگا جس کے بعد ایک پاس ورڈ ارسال کیا جائے جو صرف ایک مرتبہ استعمال ہوگا۔

امن عامہ کے ڈائریکٹر کا کا کہنا ہے کہ ایپلی کیشن (GPS) بھی ہے جس کے ذریعے واقعے کے مقام اور اطلاع بھیجنے والی کی جگہ کی نشان دہی ہو سکتی ہے۔ صارف اطلاع کے ساتھ تصاویر، وڈیو یا آڈیو کلپ بھی منسلک کر کے بھیج سکے گا۔ اس کے علاوہ جائے وقوعہ سے قریب ترین پولیس اسٹیشن پہنچنے کے لیے رہ نمائی کا نقشہ بھی دیا گیا ہے۔

اس ایپلی کیشن کا ایک اہم فائدہ یہ ہے کہ اس میں محفوظ معلومات کو مستقبل میں وزارت داخلہ کے تجزیہ کار نظام میں استعمال کیا جا سکے گا تاکہ مجرموں کے طریقہ کار کو جان کر ان سے مقابلہ کرنا آسان ہو سکے