.

یمنی فوج نے صعدہ میں باغیوں کا گھیراؤ کر لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں حکومتی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں نے اتحادی افواج کی معاونت سے حوثی باغیوں کے مرکزی گڑھ صعدہ صوبے کی جانب بڑی پیش قدمی کی ہے۔ اس دوران اتحادی طیاروں نے صنعاء، مآرب، صعدہ اور الحدیدہ میں باغیوں کے ٹھکانوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

دوسری جانب صنعاء کے شمال میں نہم کے علاقے میں ارحب گورنری کی جانب بھی فوجی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اس سے قبل بران کے علاقے پر مکمل کنٹرول کے بعد حکومتی فوج دارالحکومت پر حملہ کرنے کی تیاری کے سلسلے میں ہائی الرٹ ہو چکی ہے۔

یمن میں مشترکہ فورسز نے صنعاء کے راستے میں متعدد محاذوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ادھر سعودی افواج نے یمن کی سرزمین سے حوثی ملیشیاؤں کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کے جواب میں کارروائی کی۔

اتحادی طیاروں نے حجہ صوبے کے مغرب میں واقع میدی گورنری کے اطراف میں حوثی باغیوں اور معزول صدر صالح کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی ہے۔

دوسری جانب اتحادی افواج کے ہیلی کاپٹروں نے میدی کے اطراف کے علاقوں کو مسلح ملیشیاؤں سے کلیئر کرانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔ اس کے مقابل حوثی اور معزول صدر صالح کی ملیشیاؤں نے تعز شہر پر گولہ باری کی جب کہ حکومتی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں نے شہر کے مشرقی محاذ پر ایک بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔