.

فلسطینی لڑکی نے اسرائیلی پولیس اہلکار کو چاقو گھونپ دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک کم سن فلسطینی لڑکی نے ایک اسرائیلی پولیس اہلکار کو چاقو گھونپ کر معمولی زخمی کردیا ہے۔اسرائیلی پولیس اہلکار نے اس لڑکی کو گرفتار کر لیا ہے۔

وادی اردن میں واقع شہر الریحا کے نزدیک واقع قصبے عوجہ میں ایک اسرائیلی پولیس اہلکار ٹریفک کو کنٹرول کررہا تھا۔اس دوران ایک درخت سڑک پر گر گیا اور شاہراہ بند ہوگئی۔اسرائیلی پولیس کے مطابق فلسطینی لڑکی نے عین اسی لمحے پولیس اہلکار کو کندھے میں چاقو گھونپا ہے۔اس کے بعد وہ بھاگ کھڑی ہوئی لیکن اس پولیس اہلکار نے اس کو پکڑ لیا ہے۔

اسرائیلی پولیس نے اس لڑکی کی عمر چودہ سال بتائی ہے جبکہ فلسطینی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کی عمر سولہ سال ہے۔اسرائیلی اہلکار نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تشدد کے حالیہ واقعات کے برعکس اس لڑکی پر گولی نہیں چلائی ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی یکم اکتوبر سے جاری تشدد آمیز کارروائیوں میں ایک سو اسّی فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ان میں سے بیشتر کے بارے میں اسرائیلی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر حملہ آور تھے اور انھوں نے یہودیوں پر چاقو حملے کیے تھے یا اپنی گاڑیوں کو راہ گیروں پر چڑھا دیا تھا جس سے اٹھائیس اسرائیلی ،ایک امریکی ،ایک سوڈانی اور ایک ایریٹرین شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہو ئے ہیں۔