.

نصر اللہ، سعودی عرب پر 'حملے' بند کریں: تمام سلام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لبنان کے وزیر اعظم تمام سلام نے حزب اللہ ملیشیا کے جنرل سیکرٹری حسن سے اپیل کی ہے کہ وہ سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں پر 'حملے' کرنا بند کر دیں۔

"لبنانی ریاست ملک کو متحد رکھنے کے آپشن پر کام کر رہی ہے۔ ایسے میں ملک کو کمزور کرنے والے اقدامات کے بجائے اس کے ہاتھ مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔"

تمام سلام نے ان خیالات کا اظہار 'العربیہ' نیوز چینل کے فلیگ شپ پروگرام 'پینوراما' میں پیر کی شب اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

لبنانی وزیر اعظم نے یہ بات زور دیکر کہی کہ حزب اللہ کی جانب سے علاقائی بحرانوں میں مداخلت کے لبنان پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں جس سے ملک کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لبنان اور خلیجی ملکوں کے درمیان تاریخی طور پر قائم تعلقات ہیں، ہم انہیں ہر طریقے سے مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خلیجی ملکوں کی امداد نے لبنان کو تاریخ کے متعدد اہم مواقع پر تباہی سے بچایا۔ ان میں سعودی شہر طائف میں ہونے والی کانفرنس نمایاں اہمیت کی حامل ہے، اس کی میزبانی سعودی عرب نے کی تھی۔

یاد رہے کہ خلیج تعاون کونسل کے وزرائے داخلہ کی ایک کانفرنس میں لبنانی ملیشیا حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا گیا تھا۔