.

عراق: الانبار میں بمباری کے نتیجے میں 51 داعشی جنگجو ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

#عراق کی مشترکہ سیکیورٹی فورسز نے شورش زدہ صوبہ #الانبار میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامی ’#داعش‘ کے ٹھکانوں پر تازہ بمباری میں دسیوں داعشی جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عراقی فورسز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ایف 16‘‘ طیاروں کی مدد سے شمالی اور مغربی الانبار میں داعش کے ایک ٹریننگ سینٹر اور ھیت کے علاقے میں دو سرنگوں پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں کم سے کم 51 داعشی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کے روز F16 جنگی طیاروں نے انٹیلی جنس معلومات کی روشنی میں داعش کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دہشت گرد تنظیم کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا گیا ہے۔ الانبار کے #ھیت شہر کے شمال میں واقع عین کبریت کے مقام پر داعش کے ایک ٹھکانے پر بمباری میں 9 جنگجو ہلاک ہوئے۔

ھیت شہر کے قریب ریلوے اسٹیشن پر داعشی جنگجوؤں کی جانب سے زیرزمین سرنگیں بنا رکھی تھیں جنہیں بمباری میں تباہ کردیا گیا۔ ھیت میں فوجی کالونی کے قریب سرنگ پربمباری میں 17 جنگجوؤں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

ادھر الانبار میں کنکریٹ کے ایک کارخانے پر بمباری کی گئی جس میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ المطابیخ کے مقام پر شیلنگ میں 15 دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔