.

پہلی مرتبہ.. شاہ سلمان کا جامعہ الازہر کا دورہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خادم حرمین شریفین سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ہفتے کی دوپہر معروف زمانہ علمی درسگاہ جامعہ الازہر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ شیخ الازہر ڈاکٹر احمد الطیب اور جامعہ کے متعدد سینئر اہل کار موجود تھے۔

سعودی فرماں روا اور شیخ الازہر نے جامعہ کی مسجد پہنچنے کے فوری بعد دو رکعت تحیت المسجد ادا کیں۔

بعد ازاں شاہ سلمان اور شیخ الازہر نے جامعہ الازہر میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے آنے والے طلبہ کی رہائش گاہوں کے نئے کمپلیکس (مدينة البعوث الإسلامية الجديدة) کا سنگ ِ بنیاد رکھا۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے نئے کمپلیکس کے لیے تقریبا 7 لاکھ مربع میٹر کا رقبہ مختص کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد جامعہ الازہر میں تعلیم حاصل کرنے والے بیرونی طلبہ کی خدمت کے لیے ایک مربوط رہائشی نظام فراہم کرنا ہے۔

شاہ سلمان نے شیخ الازہر کے ساتھ عرب اور اسلامی دنیا سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ان میں شدت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ اور پوری دنیا میں امن کی بنیادیں رکھنے کے سلسلے میں مملکت اور جامعہ الازہر کے درمیان کوششوں میں تعاون شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی فرماں روا کا جامعہ الازہر کا اپنی نوعیت کا یہ پہلا دورہ ہے۔

قبل ازیں شیخ الازہر نے جمعے کے روز شاہ سلمان سے قاہرہ میں ان کی قیام گاہ پر ملاقات کی تھی۔