.

طوفانی بارشوں سے ریاض میں تعلیمی سرگرمیاں معطل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں اعلیٰ تعلیم کی وزارت نے دارالحکومت ریاض اور اس کی نواحی گورنریوں رماح، ثادق، حريملاء، الدرعیہ، العیینہ، ضرما اور مزاحمیہ میں بدھ کے روز تعلیمی سرگرمیاں معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اعلان کا سبب مذکورہ علاقوں میں ہونے والی موسلادھار بارشیں ہیں۔

منگل کے روز ریاض میں طوفانی بارش دیکھنے میں آئی۔ شہری دفاع کے ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے شہریوں اور مقیمین کے لیے بارشوں اور یک دم موسم بدلنے کے خطرات کے حوالے سے خبردار کیا گیا ہے۔ انتباہی بیانات میں گھروں کے اندر رہنے، پارکوں میں جانے کے دوران کسی بھی مہم جوئی سے گریز کرنے اور شہری دفاع کی جانب سے جاری ہدایات کی پابندی پر زور دیا گیا ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

شہری دفاع کا انتباہ

القصیم اور الخرج کی محکمہ تعلیم کی جانب سے علاقے میں موسم کے حالات کے سبب منگل کے روز دوسرے پہر کے اسکولوں اور تعلیم بالغاں کی سرگرمیوں کا معطل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

شہری دفاع کے ڈائرکٹوریٹ نے شہریوں اور مقیمین کو خبردار کیا ہے کہ وہ سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ادارے کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور پانی جمع ہونے والی جہگہاؤں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں۔ توقع ہے کہ بارشوں کا حالیہ سلسلہ آنے والے دنوں میں بھی جاری رہے گا۔

شہری دفاع کے میڈیا مرکز نے واضح کیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی رپورٹوں کے مطابق مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ، جدہ، رابغ، الليث، القنفذة، الباحہ، عسیر، نجران، جازان کے ساتھ ساتھ ریاض اور مشرقی صوبے میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں سر درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی۔ اس کے نتیجے میں بعض علاقوں میں سیلاب کی سی صورت حال بھی ہوسکتی ہے۔ میڈیا مرکز نے باور کرایا کہ مذکورہ تمام علاقوں میں شہری دفاع کے ڈائرکٹوریٹس نے (خدانخواستہ) کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تمام ضروری اقدامات مکمل کرلیے ہیں۔

شہری دفاع کے ادارے نے شہریوں اور مقیمین سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ عرصے کے دوران میڈیا، سوشل میڈیا اور ایس ایم ایس سروس کے ذریعے ادارے کی ہدایات سے مطلع رہیں۔

القصیم یونی ورسٹی میں شعبہ جغرافیہ کے پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ المسند نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اعداد و شمار کے تجزیوں سے اس امر کی تصدیق ہوتی ہے کہ سعودی عرب کو موسم بہار کی خصوصی بارشوں کا سامنا رہے گا اور کچھ دن تک موسمی تغیرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ توقع ہے کہ آئندہ منگل اور بدھ کے روز یہ صورت حال عروج پر ہوگی جس کے نتیجے میں ٹھنڈ میں بھی اضافہ ہوگا۔