.

عراق: امریکی اور کرد افواج کا داعشی کمانڈر پر حملہ

امریکا کا کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق کا انکار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

#عراق میں کرد حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملک کے شمالی علاقے میں امریکی فوج اور کرد فورسز نے ایک مشترکہ آپریشن میں دہشت گرد تنظیم ’#داعش‘ کے اہم کمانڈر سلیمان #عبدالشبیب_الجبوری کو اس کے دو ساتھیوں سمیت ہلاک کردیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق داعش کے خلاف سرگرم عالمی اتحاد کے ترجمان کرنل اسٹیو وارن نے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے داعشی کمانڈر پر حملے کی تصدیق کی تاہم انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال اس کارروائی کے نتائج معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ آیا اس میں داعشی کمانڈر کو ہلاک کیا جا سکا ہے یا نہیں۔

#پینٹاگون میں صحافیوں سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے کرنل وارن نے کہا کہ داعشی کمانڈر عبدالشبیب الجبوری کی ہلاکت کی تصدیق ہوجاتی ہے تو یہ عراق میں داعش کے لیے ایک بڑا دھچکا ہوگا اور اس طرح عراق میں داعش کے اہم مراکز پر حملوں میں مزید آسانی ہوجائے گی۔

ادھر عراق کے صوبہ #کردستان کی سیکیورٹی کونسل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی اور کرد فورس کے مشترکہ حملے میں داعشی کمانڈر الجبوری کو اس کے دو ساتھیوں سمیت قتل کردیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیاہے کہ مقتول داعشی جنگجو علاقے میں ابو سیف کے نام سے بھی مشہورتھا اور وہ جنوبی موصل میں داعش کی آپریشنل کارروائیوں کا انچارج تھا۔