.

عراق: شکست کا صدمہ، چینی داعشی جنگجو کی خود کشی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق کے شہر الرمادی میں سیکیورٹی فورسزکی کارروائیوں سے مسلسل شکست کے نتیجے میں جہاں بڑی تعداد میں داعشی جنگجو وہاں سے بھاگ رہے ہیں وہیں اطلاعات ہیں کہ شکست کے صدمہ سے دوچار ایک چینی نژاد داعشی جنگجو نے خود کشی کرکے اپنی زندگی ختم کر ڈالی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عراق کی الانبار گورنری کی جوڈیشل کونسل کے چیئرمین علی داؤد نے بتایا کہ مشرقی الرمادی سے ایک چینی نژاد داعشی جنگجو کی لاش ملی ہے جس نے مبینہ طور پر شکست کے صدمے اور پکڑے جانے کے خوف سے خود کشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔

السامریہ نیوز ویب پورٹل سے بات کرتے ہوئے علی داؤد کا کہنا تھا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے داعشی جنگجو کی لاش قبضے میں لے کراس کی شناخت کی ہے۔ مقتول جنگجو کا تعلق چین سے ہے۔ اس نے رمادی سے 23 کلومیٹر دور الخالدیہ جزیرے میں میں اپنے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کی۔ اس کے قریب سے ایک کاغذ کا ٹکڑا بھی ملا ہے جس میں اس نے خود کشی کے اپنے عزم کا اعلان کیا ہے۔

عراقی حکومت کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ داعشی جنگجو کی خود کشی سے ظاہرہوتا ہے کہ عراق میں داعش بدترین ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ عراقی فوج اور اس کی حامی ملیشیا کی کارروائیوں کے سامنے داعش کو مسلسل شکست وریخت کا سامنے ہے۔

خیال رہے کہ جزیرہ الخالدیہ مشرقی الرمادی میں واقع اہم مقام ہے جس میں داعش اور مقامی قبائل کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری رہی ہے۔