.

مصر میں اغوا سعودی کاروباری شخصیت بازیاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر میں ایک ہفتہ قبل اغوا کیے گئے سعودی کاروباری حسن علی السند کو مصری سکیورٹی فورسز کی مدد سے بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

قاہرہ میں متعی٘ن سعودی سفیر نے ان کی رہائی کی تصدیق کردی ہے۔السند کو 26 اپریل کو قاہرہ اور اسماعیلیہ کے درمیان شاہراہ پر سفر کے دوران ایک نقاب پوش گینگ نے اغوا کر لیا تھا۔وہ مصر میں اپنی فیکٹری سے روانہ ہونے کے بعد قاہرہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی جانب جارہے تھے۔

الاسماعلیہ کے محکمہ پولیس کے ڈائریکٹر کرنل محمود خلیل نے گذشتہ ہفتے بتایا تھا''سعودی بزنس مین اپنے ڈرائیور کے ہمراہ السویس گورنری کی جانب جارہے تھے۔ان کی کار کو ایک مسلح گینگ نے روکا اور انھیں اور ان کے ڈرائیور کو کار سے کھینچتے ہوئے باہر لے گئے اور پھر انھیں باندھ کر اور ایک اور کار میں ڈال کر فرار ہوگئے تھے''۔

سعودی عرب نے گذشتہ سال اپنے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ مصر میں کاروبار کرتے ہوئے ہوشیار رہیں۔سعودی حکومت کی جانب سے یہ انتباہ ایک خاتون اور اس کی بیٹی کے اندوہناک قتل کے واقعے کے بعد جاری کیا گیا تھا۔ان دونوں ماں بیٹی کو مالی محرکات کی بنا پر قتل کر دیا گیا تھا۔