.

"ورتّل القرآن": مسلسل پانچویں سال مشہور ُقراء کی میزبانی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

قرآن کریم کی قرات اور تلاوت سے خصوصی شغف رکھنے والوں کے لیے خوش خبری ہے کہ العربیہ نیوز چینل پر پانچویں سال پورے ماہ رمضان میں روزانہ خصوصی پروگرام "ورتل القرآن" نشر کیا جائے گا۔ پروگرام میں عرب اور اسلامی دنیا کے مختلف شہروں میں جا کر وہاں قرآن کریم کی خوبصورت ترین آوازوں اور مشہور ترین قراء کرام کا تعارف کرایا جاتا ہے۔ یہ پروگرام رمضان المبارک میں سعودی عرب کے وقت کے مطابق روزانہ شام 4:30 منٹ پر پیش کیا جائے گا۔

گزشتہ برسوں کے دوران پروگرام میں مختلف نسلوں اور مدارس کے 100 سے زیادہ قاریوں کی میزبانی کی گئی۔ اس دوران مذکورہ قاریوں کے حفظ قرآن کے تجربات کے علاوہ ان کی آواز میں قراءتوں کو بھی شامل کیا گیا۔

رواں سیزن کے پروگرام میں مصر، مراکش، الجزائر، موریتانیا، ترکی، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے قراء حضرات کو مہمان بنایا جائے گا۔

پروگرام کی اقساط میں قرآنی قراءتوں کی مختلف انواع، ان کے درمیان فرق اور ان کے جغرافیائی پھیلاؤ پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔

سال 2012ء میں پروگرام "ورتل القرآن" کے آغاز کے بعد سے اب تک مصر، سوڈان، فلسطین، سعودی عرب، کویت، بحرین، مراکش، یمن، تیونس، اردن، شام اور عراق کے قراء سے ملاقاتیں کرائی گئی ہیں۔

ماضی میں بھی العربیہ نیوز چینل ہر سال ماہ رمضان کے دوران خصوصی پروگراموں کی تیاری کے کامیاب تجربے کرچکا ہے اور ان پروگراموں کو ناظرین میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی۔