.

تعلیمی مہم "أمة تقرأ".. MBC گروپ کا 30 لاکھ درہم کا عطیہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عرب دنیا کے معروف میڈیا گروپMBC" " نے "أمة تقرأ" (Reading Nation) مہم میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ مذکورہ مہم کا اعلان دبئی کے حکمراں اور متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے رمضان المبارک کے آغاز پر کیا تھا۔ میڈیا گروپ نے اس مہم کے لیے 30 لاکھ اماراتی درہم کا عطیہ بھی پیش کیا ہے۔

اس تعلیمی مہم میں 50 لاکھ کتابوں کی طباعت کے لیے عطیات جمع کرنے کا اعلان کیا گیا جن کو اسلامی دنیا اور ترقی پذیر ممالک میں طلبہ اور اسکولوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ انسانی حقوق کے اماراتی اداروں کی جانب سے بیرون ملک تعلیمی پروگراموں کی بھی سپورٹ کی جائے گی۔ عطیات جمع کرنے کی مہم کے اختتام سے چند روز پہلے ، اس سے قبل اعلان کردہ مطلوبہ ہدف کو بڑھا کر 73 لاکھ کتابوں تک کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے "MBC" گروپ کے مالک اور مجلس عاملہ کے سربراہ الشیخ ولید بن ابراہیم آل ابراہیم نے ان کوششوں کی تعریف کی جو متحدہ عرب امارات کی جانب سے عرب اور اسلامی دنیا کے ضرورت مند طلبہ کی امداد کے لیے کی جارہی ہیں۔ آل ابراہیم کے مطابق " عزت مآب الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی مہم نے ہمیں میڈیا کے ادارے کے طور پر یہ موقع فراہم کیا ہے کہ ہم ضرورت مندوں ، پناہ گزینوں اور استثنائی صورت حال سے دوچار افراد کے معاملات کی سپورٹ میں حصہ لے سکیں"۔

آل ابراہیم کا مزید کہنا ہے کہ " ہمMBC" " گروپ میں عرب اور اسلامی دنیا میں عوام بالخصوص پناہ گزینوں کے حالات سے بخوبی مطلع رہتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ ان کو کتنی مدد اور معاونت کی ضرورت ہے جس سے ان کے فطری حقوق کا تحفظ ہوسکے۔ ہمیں ان منفی اثرات کی حقیقت سے بھی واقف ہیں جو ان لوگوں کے اکیلے ہونے اور تنہائی کے احساس کے نتیجے میں مرتب ہوتے ہیں۔ لہذا ایسے کڑے وقت میں ان کو ہر گز بے یار و مددگار نہیں چھوڑا جائے گا۔

ادھر ترقی پذیر ممالک میں بچوں کی تعلیم کے لیے کام کرنے والے ادارے "دبئی العطاء" کے چیف ایگزیکٹو طارق القرق نےMBC" " گروپ کی جانب سے پیش کردہ سپورٹ کو بھرپور طور پر سراہا ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ یہ کاوش انسانیت سے متعلق معاملات کی جانب مثبت موقف کے وسیع حجم کو ظاہر کرتی ہے۔

القرق کے مطابق " مجموعی عطیات کا حجم مہم میں مقرر کیے گئے ہدف سے تجاوز کر گیا ہے اور ابھی تک یہ سلسلہ جاری ہے"۔

یاد رہے کہ الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی جانب سے شروع کی جانے والی مہم "أمة تقرأ" (Reading Nation) کے تحت عالم اسلام اور ترقی پذیر ممالک میں طلبہ اور اسکولوں میں 73 لاکھ کتابیں تقسیم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں اسکولوں کے 2000 سے زیادہ کتب خانوں کو کتابیں فراہم کی جائیں گی۔ اس دوران 20 لاکھ سے زیادہ کتب پناہ گزین کیمپوں میں موجود بچوں اور طلبہ میں تقسیم ہوں گی۔