.

فلوجہ کے آزاد حصے پر عراقی پرچم لہرا دیا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق کی سکیورٹی فورسز نے مغربی صوبے الانبار میں واقع شہر فلوجہ کے داعش سے آزاد کرائے گئےعلاقے الجولان میں ملکی پرچم لہرا دیا ہے۔

بغداد آپریشنز کمانڈ نے ہفتے کے روز ایک میڈیکل سنٹر کی عمارت پرعراقی پرچم لہرانے کی اطلاع دی ہے اور کہا ہے کہ داعش کے خلاف عراقی سکیورٹی فورسز کی یہ ایک نئی نمایاں کامیابی ہے۔

عراقی حکومت نے بھی ایک الگ بیان میں کہا ہے کہ اس کی فورسز نے فلوجہ کے علاقے المعلمین کو داعش کے جنگجوؤں سے مکمل طور پر پاک کردیا ہے۔اس نے مزید کہا ہے کہ عراقی فورسز نے داعش کے متعدد جنگجوؤں کا قلع قمع کردیا ہے اور ان کے اسلحے کو بھی تباہ کردیا ہے۔

عراقی فورسز نے گذشتہ ہفتے فلوجہ کے مرکزی حصے کو آزاد کرانے کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد سے شہر کے شمالی حصوں کو داعش سے آزادکرانے کے لیے پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے اور ان کی داعش کے جنگجوؤں سے جھڑپیں ہورہی ہیں۔

قبل ازیں عراقی حکومت نے جمعے کو بغداد سے شمال میں واقع صوبے صلاح الدین کے ایک علاقے مخول پر اپنی فورسز کے دوبارہ قبضے کی اطلاع دی ہے اور وہاں سے داعش کے جنگجوؤں کو نکال باہر کیا ہے۔صلاح الدین کی سرحد شمالی صوبے نینویٰ کے ساتھ ملتی ہے۔اس صوبے کے دارالحکومت اور عراق کے دوسرے بڑے شہر موصل پر داعش نے جون 2014ء سے قبضہ کررکھا ہے اور وہیں سے انھوں نے عراق کے دوسرے علاقوں کی جانب یلغار کی تھی۔