.

عراق: اتحادیوں کے ہاتھوں 250 داعشی ہلاک، 700 گاڑیاں تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق میں امریکی ذمہ داران کے مطابق امریکا کے زیرقیادت بین الاقوامی اتحاد کے طیاروں نے بدھ کے روز فلوجہ شہر کے اطراف داعش تنظیم کے ٹھکانوں پر کاری حملے کیے۔ غیرملکی نیوز ایجنسی نے ایک ذمہ دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ابتدائی اندازے کے مطابق تنظیم کے کم از کم 250 جنگجو ہلاک ہوئے جب کہ سیکڑوں گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔

ادھر عراقی وزارت دفاع نے مذکورہ امر کی تصدیق کرتے ہوئے ان حملوں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں عامریۃ الفلوجہ میں داعش کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔

عراقی فضائیہ کے سربراہ جنرل حامد المالکی نے انکشاف کیا ہے کہ 700 گاڑیوں پر مشتمل داعش کا قافلہ مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔

دوسری جانب ترکی نے منگل کے روز استنبول ایئرپورٹ پر دھماکوں اور مسلح حملے میں داعش کا ہاتھ ہونے کی جانب اشارہ کیا۔ کارروائی میں 41 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

امریکی مرکزی انٹیلجنس کے کے سربراہ جان برینن نے واشنگٹن میں ایک فورم میں بتایا کہ ترکی میں ہونے والے حملے پر داعش کی چھاپ نظر آرہی ہے۔ انہوں نے اقرار کیا کہ داعش کے انسداد کے لیے ابھی ایک لمبا راستہ باقی ہے۔

ادھر لڑائی کے میدان میں حالیہ کچھ عرصے میں امریکا کے زیرقیادت مہم نے داعش کے خلاف پیش قدمی کی ہے۔ عراقی حکومت کی جانب سے فلوجہ شہر میں داعش کے خلاف کامیابی کا اعلان بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔