حوثیوں نے "صالح" کو "صدارتی" دن منانے سے خبردار کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

یمن کے دارالحکومت صنعاء میں باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ باغی حوثی جماعت نے اپنے حلیف اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کو خبردار کیا ہے کہ وہ 17 جولائی کو اپنے اقتدار سنبھالنے کے 38 سال مکمل ہونے پر کسی قسم کی یادگاری تقریب کا انعقاد نہ کریں۔

یہ انتباہ اُن معلومات کے افشا ہونے کے بعد سامنے آیا ہے جن کے مطابق علی عبداللہ صالح اور ان کی جماعت اپنی طاقت کے مظاہرے کے لیے 17 جولائی کو صنعاء میں ایک بڑا عوامی جلسہ منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سینئر حوثی قیادت نے اس بات سے آگاہ کردیا ہے کہ صالح کو یہ حق نہیں کہ وہ اس دن کو منائیں جسے وہ اپنے دور حکمرانی میں منایا کرتے تھے اس لیے کہ وہ اب صدر نہیں رہے اور حوثی جماعت کی شکل میں اقتدار رکھنے والا ایک فریق موجود ہے۔

مبصرین کے نزدیک فریقین کے تعلقات ان دنوں شدید بحران اور انجماد سے دوچار ہیں۔ اگرچہ حوثی اور صالح کے رہ نماؤں کی جانب سے اس امر کی تردید ، میڈیا پر ساتھ نمودار ہونے اور متحدہ موقف کے ساتھ مذاکرات کی کوششیں سامنے آتی رہی ہیں۔

معزول صدر صالح کی ہمنوا میڈیا شخصیات کی جانب سے انکشاف کیا گیا کہ حوثی جماعت علی عبداللہ صالح کی سیاسی جماعت جنرل پیپلز کانگریس کے ارکان کے خلاف اخراج کی منظم کارروائیاں کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ فیصلوں کی ایک فہرست جاری کی گئی، جس کے موجب کانگریس کے ذمہ داران کو علاحدہ کر کے شہری اور فوجی سیکٹر میں ان کے منصبوں پر حوثی شخصیات کا تقرر عمل میں لایا گیا۔

کئی روز پہلے معزول صدر صالح کی جماعت کے ایک نمایاں میڈیا پرسن کامل الخودانی نے ایک آرٹیکل میں باغیوں کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا ان کو معلوم ہے کہ ان کی کمیٹیوں کے ہاتھوں اداروں میں کتنے ملازمین اور گھروں میں کتنے ہم وطنوں کی اہانت ہورہی ہے ؟ کتنے ملازمین کو نکال دیا گیا اور کتنوں کو ان کے دفاتر میں داخل ہونے سے روک دیا گیا؟

تیل کی مصنوعات کی فروخت میں بلیک مارکیٹ کے ریٹ سے حاصل ہونے والا قیمت کا فرق کہاں جا رہا ہے ؟ کیا آپ کو معلوم ہے کہ آپ کے 90 فی صد انقلابی رہ نما اور نگراں اس وقت دولت کی ریل پیل میں ڈوبے ہوئے ہیں جب کہ اس کے مقابل 90 فی صد ہم وطن انتہائی غربت کا شکار ہیں اور میں خود ان میں سے ایک ہوں ؟

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں