.

شام: داعش سے متعلق دستاویزات اور معلومات کا خزانہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام میں امریکا کے زیرقیادت بین الاقوامی اتحاد کی حمایت یافتہ فورسز کو داعش تنظیم کے گڑھ منبج کے اطراف سے بڑی تعداد میں دستاویزات اور ڈیجیٹل ڈیٹا ملا ہے۔ یہ تمام چیزیں سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے کنٹرول حاصل کرنے پر داعش کے ارکان کے اپنے ٹھکانے چھوڑ دینے کے بعد ہاتھ آئیں۔

عراق میں امریکی فوج کے ترجمان کرنل کرس گارور کے مطابق یہ لوازمات منبج کے نواح میں واقع دیہاتوں کے درمیان قبضے میں آئے۔

ان لوازمات میں لیپ ٹاپس سے نکالا گیا چار ٹیرا بائٹ سے زیادہ کا ڈیجیٹل ڈیٹا ، متعدد یو ایس بی ، ایڈوانس میتھس اور نیچرل سائنس کے متعلق کتابیں اور ان کے علاوہ وہ دینی کتب جن کو داعش نے اپنے ایجنڈے کے موافق بنانے کے لیے دوبارہ تیار کیا اور تنظیم کی قیادت کے درمیان متبادل خطوط شامل ہیں۔

داعش کی جانب سے منبج کے اطراف میں واقع دیہاتوں میں چھوڑے جانے والے ان لوازمات کے مکمل تجزیے کے بعد.. امریکا کے زیرقیادت بین الاقوامی اتحاد کو داعش کے منصوبے اور اس کی ملیشیاؤں کی نقل و حرکت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ اسی طرح تنظیم کے ارکان کے بارے میں نفسیاتی تاثر بھی مل سکے گا۔ ان تمام امور سے داعش کے خلاف لڑائی کے مشن میں بڑی حد تک معاونت حاصل ہوگی۔