.

اسدی فوج کی مدد کے لیے عراقی اور لبنانی ملیشیاؤں کی حلب آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایرانی پاسدران انقلاب کے زیرانتظام نیوز ایجنسی "فارس" کے مطابق شام کے اپوزیشن گروپوں کے خلاف لڑائی میں شرکت کے لیے عراقی شیعہ تنظیم "حرکت النجباء" کے قریبا 2000 جنگجو حلب شہر پہنچ گئے ہیں۔ شامی اپوزیشن حلب شہر کو اسدی فوج اور ایران نواز ملیشیاؤں سے مکمل طور پر آزاد کرانے کے لیے لڑائی میں مصروف ہے۔

نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے زیر انتظام " الرضوان فورسز" نامی گروپ حلب شہر کے مغرب میں واقع علاقے "الحمدانيہ" پہنچ گیا ہے۔ گروپ کی آمد کا مقصد بشارالاسد کی فوج کی مدد اور الراموسہ کے علاقے پر دھاوا بولنا ہے۔

اس نے ایک علاحدہ رپورٹ میں الراموسہ کے معرکے میں ایرانی فورسز اور اس کے حلیفوں کے ہاتھ سے تزویراتی ٹھکانے نکل جانے کا اعتراف کیا ہے۔ ساتھ ہی یہ دعوی کیا ہے کہ بحیرہ روم میں امریکی بحری بیڑا اپوزیشن گروپوں کو شامی فورسز، ایرانی ملیشیاؤں اور ان کے حلیفوں کی نقل و حرکت کے بارے میں معلومات فراہم کر رہا ہے۔

فارس نے پاسداران انقلاب کے عناصر کے ساتھ ساتھ ایرانی فوج کے اہل کاروں کی موجودگی کی تصدیق کی ہے . یہ عناصر الراموسہ کے شمال اور مغرب میں جاری لڑائی میں شریک ہیں اور ان کو روسی اور شامی طیاروں کی فضائی مدد حاصل ہے۔