.

حلب : "فرات کی ڈھال" کے گروپوں کی داعش کے خلاف پیش قدمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام میں "فرات کی ڈھال" عسکری آپریشن میں شامل گروپوں نے حلب کے شمالی نواح میں داعش تنظیم کے خلاف پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اس دوران جنگجو گروپوں کو ترکی کی توپوں اور بین الاقوامی اتحاد کے طیاروں کی معاونت بھی حاصل ہے۔

شامی اپوزیشن فورسز کی یہ پیش قدمی "فرات کی ڈھال" معرکے کے تیسرے مرحلے کے آغاز کے بعد دیکھنے میں آئی ہے۔ اس مرحلے کا مقصد حلب کے شمال مشرقی نواح میں داعش تنظیم کے سب سے بڑے گڑھ الباب شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کرنا ہے۔ اس دوران مذکورہ علاقوں کے مکین زیادہ محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب شامی اپوزیشن گروپوں نے بشار الاسد کی افواج کے ایک شدید حملے کو پسپا کر دیا جس کے دوران شامی فوج نے حلب کے جنوب میں واقع الشیخ سعید کے علاقے میں پیش قدمی کی کوشش کی تھی۔

شامی کارکنان کے مطابق انقلابی جنگجوؤں نے شامی حکومت کی افواج کو جسے ایرانی اور عراقی ملیشیاؤں کی سپورٹ حاصل ہے بھاری نقصان پہنچایا۔ اپوزیشن گروپ سرکاری فوج اور ملیشیاؤں کے 10 ارکان کو ہلاک کرنے اور ان کے زیرانتظام متعدد عسکری گاڑیوں کو تباہ کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

انسانی حقوق کی شامی رصدگاہ کے مطابق حلب میں سڑکوں پر لڑائی جاری ہے.. شام کی سرکاری فوج شہر کے مشرقی حصوں پر کنٹرول کے لیے تین محوروں سے حملے کر رہی ہے۔

رصدگاہ نے بتایا ہے کہ سرکاری فوج نے شہر کے وسط میں بتدریج پیش قدمی کو یقینی بنایا ہے۔ اب وہ شمال میں بستان الباشا کے علاقے کی طرف بڑھنے کی کوشش کر رہی ہے۔

حلب کا مشرقی حصہ روسی فوج اور شامی حکومت کے طیاروں کے شدید حملوں کی زد میں ہے