.

عرب حملہ آور کی فائرنگ سے اسرائیلی پولیس افسر سمیت متعدد زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مقبوضہ بیت المقدس میں ایک عرب حملہ آور نے فائرنگ کرکے متعدد افراد کو زخمی کردیا ہے اور وہ خود اسرائیلی پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا ہے۔

اسرائیل کے آرمی ریڈیو کی اطلاع کے مطابق اتوار کو فائرنگ کے اس واقعے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ان میں دو زخمیوں۔۔۔۔۔ایک پولیس افسر اور ایک خاتون راہ گیر۔۔۔ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان نے کہا ہے کہ ایک کار میں سوار حملہ آور نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی نیشنل پولیس کے ہیڈ کوارٹرز کے نزدیک ایک ٹرام کے اسٹاپ پر کھڑے لوگوں پر فائرنگ کردی تھی۔اس کے بعد وہ کار میں بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگیا مگر موٹر سائیکل پر سوار پولیس اہلکاروں نے پیچھے کرتے ہوئے اس کو جا لیا۔

اس دوران اس نے ایک موٹر گاڑی پر سوار ایک اور عورت کو گولی مار دی۔ جب پولیس اہلکاروں نے حملہ آور کو روکا تو اس نے ان پر بھی فائرنگ کردی۔پھر وہ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا ہے اور ایک پولیس افسر زخمی ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران اسرائیلی فورسز کی مقبوضہ بیت المقدس ، غرب اردن اور غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف سفاکانہ کریک ڈاؤن کارروائیوں اور حملوں میں 228 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ان میں سے قریباً 150 کے بارے میں اسرائیلی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر حملہ آور تھے۔

فلسطینیوں کے مبینہ چاقو حملوں ،فائرنگ یا اپنی گاڑیوں کو راہ گیروں پر چڑھانے کے واقعات میں 34 اسرائیلی ، دو امریکی ،ایک سوڈانی اور ایک ایریٹرین شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔