.

ریڈیو چینل "العربیہFM " کی نشریات کا آغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

"العربیہ ایف ایم" ریڈیو نے اتوار کے روز "العربیہ ڈاٹ نیٹ" ویب سائٹ اور اسمارٹ فون کی ایپلی کیشنوں کے ذریعے اپنی تجرباتی نشریات کا آغاز کر دیا ہے۔

"العربیہ ایف ایم" سیاست ، معیشت ، کھیل ، ٹکنالوجی ، صحت اور فن کے شعبوں سے متعلق تفصیلی خبریں سامعین تک پہنچائے گا۔

ریڈیو چینل کی نشریات 24 گھنٹے جاری رہیں گی جس کے دوران تمام عمر کے افراد کے لیے مختلف نوعیت کے پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ مباحثوں سے متعلق متعدد پروگراموں میں سامعین کو براہ راست شرکت کا موقع بھی دیا جائے گا۔

دوسری جانب "العربیہ" چینل کے جنرل مینجر اور معروف میڈیا پرسن ترکی الدخیل نے "العربیہ ایف ایم" کے آغاز پر اپنی گہری مسرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2003 میں العربیہ چینل کے متعارف کرائے جانے کے بعد 13 سال سے ہمارے لیے اولین ترجیح ناظرین کی خواہشات اور توقعات ہیں۔ اس سلسلے میں "العربیہ ڈاٹ نیٹ" ویب سائٹ متعدد زبانوں کے ساتھ آئی جن میں اردو ، انگریزی اور فارسی شامل ہیں۔ الحدث نیوز چینل قائم کیا گیا تاکہ واقعات کے مقام اور تنازعات کے علاقوں سے چوبیس گھنٹے تازہ ترین صورت حال نشر کی جاسکے۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے بھی العربیہ نیٹ ورک کا آغاز کیا گیا جہاں اس کے استعمال کنندگان کی تعداد 5 کروڑ سے بڑھ چکی ہے۔

الدخیل کے مطابق آج گاڑیوں میں ، گھروں میں ، موبائل فون اور انٹرنیٹ کے ذریعے ہر جگہ العربیہ کی نشریات دیکھی اور سنی جا رہی ہیں۔

الدخیل نے باور کرایا کہ "العربیہ ایف ایم" کو متعارف کرانے کا مقصد "محبت ، بھلائی اور اخوت کا پیغام " پہنچانا ہے جیسا کہ ہم عرب دنیا میں ہمیشہ سے اس پیغام کو تھامے رہے ہیں۔

سعودی عرب کے وقت کے مطابق صبح 6 سے 8 بجے تک اور دوپہر 12 سے 1 بجے تک "العربیہ ایف ایم" کی نشریات صحت ، معیشت اور فن کے متعلق مواد، اخبارات کے منتخب اقتباسات، موسیقی اور سوشل میڈیا سے متعلق لوازمات پر مشتمل ہوں گی۔

اسمارٹ فون کے لیے "العربیہ" کی سرکاری ویب سائٹ حاصل کرنے کے واسطے یہاں کلک کریں :

Alarabiya App on IOS

AlArabiya App on Android