.

لبنان : جنبلاط کے بلاک کی اکثریت صدر کے لیے میشیل عون کی حامی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لبنان میں " ڈیموکریٹک گیدرنگ" کے سربراہ ولید جنبلاط نے جمعے کے روز اعلان کیا ہے کہ ان کے سیاسی بلاک کی اکثریت پارلیمنٹ میں پیر کے روز صدر کے انتخاب کے لیے ہونے والی رائے شماری میں میشیل عون کی حمایت کرے گی۔

جنبلاط نے یہ بات عون کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ "ڈیموکریٹک گیدرنگ اور سوشلسٹ پارٹی کی اکثریت میشیل عون کے حق میں ووٹ دے گی اور ہفتے کے روز ڈیموکریٹک گیدرنگ کی جانب سے کوآرڈی نیشن کے واسطے ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا"۔

دوسری جانب میشیل عون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ " میں اپنے لیے سپورٹ پر رکن پارلیمنٹ ولید جنبلاط کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ہم لبنان کی تعمیر اور موجودہ حالات کی بہتری کے لیے تعاون کریں گے"۔

ولید جنبلاط کی جانب سے اس حمایت کا اعلان سابق وزیراعظم سعد الحریری اور حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی جانب سے میشیل عون کی تائید کے بعد سامنے آیا ہے۔ علاوہ ازیں عون کو لبنانی فورسز پارٹی کے سربراہ سمیر جعجع کی سپورٹ بھی حاصل ہے۔