.

مصر: سڑکوں پر خامنہ ای کی تصویر پھیلانے والے چینل کا سربراہ مستعفی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر میں میڈیا پرسن عبداللطيف المناوی نے سیٹلائٹ چینل "الغد العربی" کی سربراہی سے مستعفی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ وہ ہی چینل ہے جس نے مصر کی سڑکوں پر ایرانی مرشد اعلی علی خامنہ کی تصویر پھیلائی تھی۔ بعد ازاں عوام کے شدید غصے کے بعد تصویر کو ہٹا دیا گیا تھا۔

"العربیہ ڈاٹ نیٹ" سے گفتگو کرتے ہوئے المناوی نے بتایا کہ ڈیڑھ برس تک چینل کی سربراہی کا منصب سنبھالنے کے بعد بالآخر وہ مستعفی ہو گئے۔

مصری حکام نے قاہرہ سے کام کرنے والے مذکورہ سیٹلائٹ چینل سے دو ہفتے قبل مطالبہ کیا تھا کہ وہ قاہرہ کی سڑکوں پر اپنے اشتہارات میں سے ایرانی مرشد علی خامنہ ای کی تصویر کو ہٹا دے۔ بالخصوص اس لیے کہ یمن ، عراق اور شام میں ایرانی کارروائیوں کے پیش نظر یہ تصویر مصری عوام کے اشتعال اور ان کے جذبات کو چیلنج کرنے کا سبب بن رہی تھی۔

معروف تعلیمی ادارے الازہر کی جانب سے بھی اس تصویر کے پھیلانے پر اعتراض سامنے آیا تھا۔ بہت سے شیوخ نے اپنے شدید عدم اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

چینل کے ذمے دار ان دنوں مصری میڈیا پرسن محمود التونی کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں کہ وہ المناوی کے رخصت ہوجانے کے بعد چینل کی سربراہی سنبھالیں۔ التونی اس وقت ایک مصری سیٹلائٹ چینل کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔