.

کرد البیش المرکہ فورسز کا بعشیقہ پر مکمل کنٹرول

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق کی کرد البیش المرکہ فروسز نے شمالی شہر موصل کے نزدیک واقع قصبے بعشیقہ پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ کیا ہے۔

العربیہ نیوز چینل کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ کرد فورسز نے موصل سے تیرہ کلومیٹر دور واقع بعشیقہ کی جانب سوموار کی صبح دو اطراف سے یلغار کی تھی اور ان کی داعش کے جنگجوؤں سے شدید لڑائی ہوئی ہے۔

عراقی فورسز نے بھی آج موصل کے جنوب میں داعش کو ان کے زیر قبضہ ایک قصبے سے نکال باہر کیا ہے۔وفاقی پولیس ،فوج اور وزارت داخلہ کے تحت ایلیٹ فورسز نے حمام العلیل پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

اس قصبے پر مکمل کنٹرول کے بعد عراقی فورسز کے لیے جنوب سے موصل کی جانب پیش قدمی کی راہ ہموار ہو گئی ہے کیونکہ اب کوئی بستی ان کی راہ میں حائل نہیں رہ گئی ہے اور وہ چند کلومیٹر مزید پیش قدمی کرکے موصل شہر میں داعش کے جنگجوؤں کو براہ راست نشانہ بنا سکیں گی۔

موصل کے جنوب میں ہی بین الاقوامی ہوائی اڈا اور ایک بڑا فوجی مستقر واقع ہے ۔یاد رہے کہ جون 2014ء میں داعش کے جنگجوؤں کی یلغار کے وقت یہیں سے عراقی فوجی شکست سے دوچار ہونے کے بعد راہ فرار اختیار کر گئے تھے۔