.

سب سے بڑے عرب "ای - کامرس" پلیٹ فارم میں سعودی سرمایہ کاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کی کاروباری شخصیت محمد العبار کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے ایک گروپ نے سعودی پبلک انوسٹمنٹ فنڈ کے ساتھ مل کر عرب دنیا کے سب سے بڑے ای - کامرس پلیٹ فارم Noon.com کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

دبئی میں اتوار کے روز مذکورہ پلیٹ فارم کے اعلان کے سلسلے میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ منصوبے میں کُل سرمایہ کاری کا حجم 1 ارب امریکی ڈالر ہے۔ اس میں 50% حصہ (50 کروڑ ڈالر) Saudi sovereign wealth fund کا ہوگا جب کہ بقیہ 50% رقم العبار اور خطے کے دیگر سرمایہ کاروں کی ہو گی۔ یہ تجارتی پلیٹ فارم جنوری سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں بیک وقت کام شروع کرے گا۔ ابتدائی طور پر اس میں 2 کروڑ مصنوعات پیش کی جائیں گی۔

ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ الکٹرونک خریداری سے متعلق مذکورہ پلیٹ فارم کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر ٹکنالوجی اور لوجسٹک مواقع سامنے آئیں گے اور متعدد عرب ممالک میں اس کی شاخیں ہوں گی۔

اس سے قبل Amazon کے بانی جیف بیزوس اور محمد العبار کے درمیان جمعے کے روز دبئی مول میں ایک اہم ملاقات بھی ہوئی جس کو آئندہ متعارف کرائے جانے والے ای – کامرس پلیٹ فارم کے سلسلے میں اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔