.

موصل میں داعش کے ایک جنگجو نے ہتھیار ڈال دیے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق کے شمالی شہر موصل کے نزدیک داعش کے ایک جنگجو نے خود کو کرد فورسز البیش المرکہ کے حوالے کردیا ہے۔کرد فوجیوں نے اس کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کے ہتھیار ڈالنے اور گرفتاری کی ایک ویڈیو منظرعام پر آئی ہے۔

ویڈیو میں داعش کا باریش جنگجو ایک مکان سے بازو بلند کرتے ہوئے نمودار ہورہا ہے۔وہ جب اس خفیہ ٹھکانے سے باہر نکلتا ہے تو کرد فوجی اس کو قمیص اوپر اٹھانے کے لیے کہتے ہیں تاکہ یہ پتا چل سکے کہ کہیں اس نے خودکش بیلٹ تو نہیں باندھ رکھی۔

اس شخص کے بال بکھرے ہوئے ہیں اور وہ پریشان حال دکھائی دے رہا ہے۔ وہ کرد فورسز سے یہ کہہ رہا ہے کہ وہ اس کو گولی نہ ماریں۔پھر دسیوں فوجی اس کو اپنی گرفت میں لے کر کہیں اور منتقل کردیتے ہیں۔

رودا نیوز ایجنسی نے یہ ویڈیو جاری کی ہے اور البیش المرکہ فورسز نے موصل کے شمال میں تیرہ کلومیٹر دور واقع ایک قصبے سے اس جنگجو کو پکڑا ہے۔وہ عربی میں گفتگو کررہا ہے جس سے وہ کسی عرب ملک عراق یا شام ہی کا رہنے والا لگ رہا تھا۔

کرد فورسز بھی 17 اکتوبر سے موصل کو بازیاب کرانے کے لیے داعش کے خلاف جاری بڑی کارروائی میں شریک ہیں۔اس میں ہزاروں عراقی فوجی اور ان کی اتحادی ملیشیائیں حصہ لے رہی ہیں اور انھیں امریکا کی قیادت میں اتحاد کی فضائی مدد حاصل ہے۔