.

مصری مبلغ کا مہدی منتظر ہونے کا دعوی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر میں ایک مبلغ نے خود کے مہدی منتظر ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے پیروکاروں کو حیران کر ڈالا۔ مبلغ نے تمام مسلمانوں سے اپنی بیعت کا مطالبہ بھی کیا۔

مصر کے ذرائع ابلاغ میں الشیخ میزو کے نام سے مشہور مبلغ جس کا اصلی نام محمد عبد الله نصر ہے.. اس نے فیس بک پر اپنے پیج پر اعلان کیا ہے کہ وہ مہدی منتظر ہے۔ شیخ میزو نے اس حوالے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث کا حوالہ بھی دیا اور روئے زمین پر تمام انسانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سب اس کے ہاتھ پر بیعت کر لیں۔

فیس بک پر جاری اپنے بیان میں شیخ میزو کا کہنا ہے کہ "میں ہی مہدی منتظر محمد بن عبداللہ ہوں جس کے بارے میں خبریں دی جاچکی ہیں۔ میں زمین کو انصاف سے بھر دینے کے لیے آیا ہوں۔ میں تمام سنیوں ، شیعوں اور اس زمین پر بسنے والی اقوام سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ درج ذیل حدیث مبارک کے متن کے تحت میری بیعت کر لیں۔

عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بن مسعود عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: (لَوْ لَمْ يَبْقَ مِنَ الدُّنْيَا إِلَّا يَوْمٌ لَطَوَّلَ اللَّهُ ذَلِكَ الْيَوْمَ حَتَّى يَبْعَثَ فِيهِ رَجُلًا مِنِّي - أَوْ : مِنْ أَهْلِ بَيْتِي - يُوَاطِئُ اسْمُهُ اسْمِي، وَاسْمُ أَبِيهِ اسْمُ أَبِي ، يَمْلَأُ الْأَرْضَ قِسْطًاً، وَعَدْلًا كَمَا مُلِئَتْ ظلْمًا وَجَوْرًا) وصححه الألباني في "صحيح أبي داود".

دوسری جانب مصر میں وکلاء نے اٹارنی جنرل کے دفتر میں پیش کی جانے والی درخواست میں مذکورہ مبلغ کے خلاف عدالتی کارروائی اور اس کے ذہنی توازن کا معائنہ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" سے گفتگو کرتے ہوئے مصری وکلاء نے شیخ میزو کے خلاف فوج داری عدالت میں مقدمہ چلانے کا بھی مطالبہ کیا۔ ایک وکیل کے مطابق اس مبلغ پر دھوکہ دہی اور مذہب کی توہین کے جرائم کا ارتکاب کرنے پر دفعہ 336 اور 98 لاگو ہوتی ہیں۔

ایک دوسرے وکیل نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" کو بتایا کہ سزاؤں سے متعلق قانون کے آرٹیکل 89 کے مطابق ملزم کو کم از کم 6 ماہ اور زیادہ سے زیادہ 5 برس قید کے علاوہ کم از کم 500 مصری پاؤنڈ اور زیاہ سے زیادہ 1000 پاؤنڈ جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔