.

یمنی عوام آزادی کی راہ میں آنے والوں کو کچل دیں گے : منصور ہادی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے صدر عبدربہ منصور ہادی باغیوں کو خبردار کیا ہے کہ جو کوئی بھی یمنیوں کے اور ان کی آزادی اور انصاف کے راستے میں حائل ہو گا ، عوام اس کو کچل کر رکھ دیں گے۔ ہادی کی طرف سے یہ بات یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد سے عدن میں ملاقات سے قبل سامنے آئی۔

یمن کی خود مختاری کے 49 سال پورے ہونے پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے صدر ہادی نے کہا کہ باغیوں کی جانب سے نام نہاد سیاسی کونسل کا اعلان عالمی برادری کے لیے واضح چیلنج ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ امن کے لیے ان کے بازو ابھی تک پھیلے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب یمنی وزیر اعظم احمد عبید بن دغر نے کہا ہے باغیوں کی حکومت یمن کی یک جہتی ، اس کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے حوثیوں پر ایک سیاسی دیوار تعمیر کرنے کا الزام عائد کیا جو امن کے عمل کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

یاد رہے کہ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ احمد کی جمعرات کے روز عدن آمد متوقع ہے۔ ولد الشیخ احمد امن مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے دشوار مشن کے سلسلے میں یمنی صدر اور حکومتی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

ولد الشیخ احمد کو چند روز قبل عدن کا دورہ کرنا تھا تاہم باغیوں کی جانب سے صنعاء میں ریسکیو گورنمنٹ کی تشکیل کے اعلان کی وجہ سے دورے کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔