.

شام کے سرکاری مفتی کا آئرلینڈ میں نیا اسکینڈل!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام میں صدر بشارالاسد کے ہر جائز اور ناجائز اقدام کو شرعی جواز فراہم کرنے والے سرکاری مفتی اعظم بدرالدین حسون بھی صدر اسد کی طرح ایک متنازع شخصیت ہیں۔ ان کے متنازع نوعیت کے بیانات بھی آئے روز نئے اسکینڈل کی شکل اختیار کرتے رہتے ہیں۔

علامہ بدرالدین حسون نے کچھ عرصہ پیشتر ایک تقریر کے دوران یورپ اور امریکا کو خوب کھری کھری سناتے ہوئے یورپ میں خودکش بمبار ارسال کرنے کی دھمکی دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جونہی لبنان اور شام پر پہلا گولہ گرا تو ہم امریکا اور یورپ کے لیے اپنے فدائی حملہ آور ارسال کریں‌گے جو یورپی ملکوں‌اور امریکا میں خود کش حملے کریں‌ گے۔

بدر الدین حسون یورپ اور امریکا کو دھمکی آمیز بیان کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ "یو ٹیوب" پر اب بھی موجود ہے اور اسے لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

حال ہی میں شام کے درباری مفتی علامہ حسون آئرلینڈ کے دورے پر آئے جہاں انہوں‌ نے یورپ اور امریکا میں خودکش بمبار بھیجنے کے اپنے بیان کی تردید کی اور کہا کہ ان کی تقریر کا غلط ترجمہ کیا گیا تھا، حالانکہ وہ بالکل واضح‌ الفاظ میں یورپ اور امریکا میں خود کش بمبار ارسال کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔ انہوں‌نے اپنی بدنامی چھپانے کے لیے اسے ترجمہ کی غلطی قرار دے کرخود کو بچانے کی کوشش کی ہے مگر العربیہ ڈاٹ نیٹ نے مفتی حسون کی متنازع تقریر اور یورپ کو دی گئی دھمکیوں پر مبنی فوٹیج دوبارہ پوسٹ کی ہے تاکہ ناظرین کو کسی قسم کا مغالطہ نہ لگے۔