.

شام : ساحلی شہر جبلہ میں کار بم دھماکا ، 15افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام کے ساحلی صوبے اللاذقیہ میں واقع شہر جبلہ میں ایک کار بم دھماکے میں پندرہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے بم دھماکے میں ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔شام کے سرکاری ٹیلی ویژن نے کہا ہے کہ ایک بمبار نے خود کو جلبہ کے اسٹیڈیم کے نزدیک دھماکے سے اڑایا ہے لیکن اس نے ہلاکتوں کی تعداد نو بتائی ہے اور کہا ہے کہ پچیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔

سرکاری میڈیا کی اطلاع کے مطابق بم دھماکا جبلہ کے کاروباری علاقے میں سبزی منڈی کے نزدیک واقع اسٹیڈ یم کے باہر ہوا ہے اور اس سے متعدد کاروں کو آگ لگ گئی اور نزدیک واقع دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

شہر کے ایک میڈیکل آفیسر غسان آفندی نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ ابھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو نزدیک واقع اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

سرکاری ٹیلی ویژن نے بم دھماکے کے بعد کی فوٹیج بھی نشر کی ہے جس میں دھماکے سے تباہ شدہ کاروں اور دکانوں کے نقصان زدہ شٹرز کو دیکھا جاسکتا ہے جبکہ امدادی رضا کار ملبہ ہٹانے اور زخمیوں کو نکالنے میں مصروف تھے اور صدر بشارالاسد کی وفادار سکیورٹی فورسز نے تمام علاقے کا محاصرہ کررکھا ہے۔

واضح رہے کہ مئی 2016ء میں جبلہ اور نزدیک واقع ساحلی شہر طرطوس میں بم دھماکوں میں ڈیڑھ سو افراد ہلاک اور دو سو زخمی ہوگئے تھے۔سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے ان بم دھماکوں کی ذمے داری قبول کی تھی اور آن لائن جاری کردہ ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے علویوں کو حملے میں نشانہ بنایا ہے۔