.

مصر: سیناء میں ٹرک بم حملہ ،9 پولیس اہلکار ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سیناء میں ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ پر ٹرک بم دھماکے میں نو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ سیناء کے شہر العریش میں سوموار کے روز ایک خودکش بمبار نے ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ پر اپنے بارود سے بھرے ٹرک کو دھماکے سے اڑایا ہے اور اس کے بعد مسلح افراد نے سکیورٹی چوکی پر فائرنگ کی ہے۔

مصر کے سرکاری اخبار الاہرام نے اپنی ویب سائٹ پر اطلاع دی ہے کہ حملے میں آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ فوری طور پر کسی گروپ نے اس خودکش بم حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ساڑھے تین سال کے دوران میں داعش سے وابستہ گروپ صوبہ سیناء نے اس علاقے میں مصری سکیورٹی فورسز پر بیسیوں تباہ کن بم حملے کیے ہیں۔شمالی سیناء میں داعش کے علاوہ متعدد اور جنگجو گروپ بھی گذشتہ کئی برسوں سے مصری سکیورٹی فورسز کے خلاف برسرپیکار ہیں۔

جولائی 2013ء کے بعد ان مسلح گروپوں کے اس علاقے میں مصری فورسز پر حملوں میں شدت آئی تھی اور انھوں نے بیسیوں حملوں کی ذمے داری قبول کی تھی ۔ان حملوں میں سیکڑوں فوجی اور پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔تاہم گذشتہ ڈیڑھ ایک سال کے دوران مصری فورسز کی کارروائیوں کے بعد سے جنگجوؤں کے حملوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔