.

لبنان : بیروت کی الحمرا اسٹریٹ کا خودکش حملہ آور کون ہے ؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لبنان کے دارالحکومت بیروت کے ایک کیفے میں خودکش حملے کی کارروائی کو ناکام نہ بنایا جاتا تو بڑی تباہی کا قوی امکان تھا۔

تفصیلات کے مطابق لبنانی انٹیلی جنس ادارے نے داخلہ سکیورٹی فورسز کے معلومات فراہم کرنے والے ادارے کے تعاون سے مذکورہ کارروائی کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ یہ تخریبی کارروائی عمر حسن العاصی نامی ایک لبنانی شہری کو کرنا تھی۔ لبنان کے جنوبی شہر صیدا کے علاقے الشرحبيل میں عمر حسن کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ، اس دوران ایک کمپیوٹر بھی برآمد قبضے میں لیا گیا۔

سوشل میڈیا اور لبنانی ذرائع ابلاغ میں نشر ہونے والی تصاویر کے مطابق خودکش حملہ آور کو دھماکے سے قبل حراست میں لیا گیا۔

بارودی بیلٹ باندھے ہوئے عمر حسن نے جوں ہی بیروت میں واقع "كوسٹا" کیفے میں داخل ہونے کی کوشش کی اسی وقت لبنانی فوج کی انٹیلی جنس فورس کے اہل کاروں نے اس کا راستہ روک لیا۔ عمر حسن کی سکیورٹی اہل کاروں کے ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ اس دوران اُسے فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا اور پھر فوری طور پر علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تاکہ بعد ازاں اس کے ساتھ تحقیقات کا عمل مکمل کیا جائے۔

لبنانی دارالحکومت بیروت کے مغربی حصے میں واقع الحمرا اسٹریٹ پر یہ خودکش کارروائی پوری ہوجاتی تو بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا اندیشہ تھا۔ اس لیے کہ الحمرا اسٹریٹ کا شمار لبنان کی مصروف ترین شاہراہوں میں ہوتا ہے۔ یہاں بڑی تعداد میں تجارتی مراکز ، کیفے اور ریستوران واقع ہیں جب کہ ہفتے کی شب عموما ریستورانوں اور کیفوں میں لوگوں کا تانتا بندھا ہوتا ہے۔