.

سعودی عرب کے ساتھ گہرے تعلقات استوار ہیں: مصری وزیر خارجہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصری وزیر خارجہ سامح الشکری نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے سعودی عرب کے ساتھ مضبوط اور گہرے تعلقات استوار ہیں۔انھوں نے ان دعووں کو مسترد کردیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ قاہرہ اور الریاض کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پائی جارہی ہے۔

انھوں نے جمعرات کو اردن کے دارالحکومت عمان میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ''سعودی عرب اور مصر میں مثبت تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک میں ابلاغی چینل کبھی بند نہیں ہوئے ہیں''۔
.
سامح الشکری نے گذشتہ سال اپریل میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دورۂ مصر سے قبل العربیہ نیوز کے ساتھ انٹرویو میں کہا تھا کہ دونوں ممالک مختلف ایشوز بالخصوص سلامتی سے متعلق امور سے نمٹنے کے لیے مل جل کر کوششیں کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے گذشتہ سال مصر کی آیندہ پانچ سال کے دوران میں پیٹرولیم کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بیس ارب ڈالرز کے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔اس کے علاوہ اس نے مصر کے ساتھ شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سیناء کی ترقی کے لیے بھی ڈیڑھ ارب ڈالرز مالیت کا ایک سمجھوتا طے کیا تھا۔