.

استنبول : ہیلی کاپٹر حادثے میں روسیوں سمیت 5 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ترکی میں ایک ہیلی کاپٹر کے حادثے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اناضول نیوز ایجنسی کے مطابق یہ حادثہ جمعے کے روز استنبول شہر کے یورپی جانب حصے میں پیش آیا۔

دوگان ایجنسی کے مطابق ہیلی کاپٹر میں چار روسی اور تین ترک باشندے سوار تھے جن میں ہیلی کاپٹر کے دو ہوا باز بھی شامل ہیں۔

ادھر نیوز نیٹ ورک سی این این ترکی اور دیگر میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر اہم کاروباری شخصیات کو لے کر جا رہا تھا کہ اس دوران استنبول شہر کے ایک علاقے میں واقع ایک ٹیلی وژن ٹاور سے ٹکرا گیا۔

ہیلی کاپٹر نے استنبول کے مرکزی اتاترک ایئرپورٹ سے اڑان بھری تو اس میں سات افراد سوار تھے۔ بعد ازاں مقامی وقت کے مطابق ٹھیک 11:30 بجے ہیلی کاپٹر شہر کے علاقے جکمجہ بیوک میں گر گیا۔ علاقے کی بلدیہ کے سربراہ کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہے۔ ابھی تک حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور فائر بریگیڈز کی گاڑیاں جائے مقام کی جانب روانہ ہو گئیں۔