.

دنیا کی وزنی ترین مصری خاتون کا آپریشن کے بعد جُھوم کر رقص

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارت میں جمعے کی شام دنیا کی سب سے وزنی شمار ہونے والی مصری خاتون ایمان احمد عبد العاطی کے معدے کا حجم کم کرنے کا آپریشن کیا گیا۔ کامیاب آپریشن کے بعد نصف ٹن وزنی ایمان نے مصری عوامی موسیقی پر جھوم کر رقص بھی کیا۔ اس موقع پر ایمان کی بہن شیماء بھی موجود تھی جو بھارت کے اس سفر میں ایمان کے ہمراہ آئی ہے۔

بھارتی اخبار " MID DAY" نے ایک خصوصی وڈیو نشر کی ہے جس میں ایمان کو ممبئی میں سیفی ہسپتال کے ایک کمرے میں دکھایا گیا ہے۔ اس دوران ایمان نے رقص کی کوشش کرتے ہوئے اپنے سر ، پہلوؤں اور مونڈھوں کو مسلسل حرکت دی۔

37 سالہ ایمان کے علاج کی نگرانی کرنے والے ڈاکٹر مفصل لکڈا والا نے بتایا کہ ایمان اپریل میں مصر لوٹ جائے گی۔ ایک برس بعد وہ ایک اور آپریشن کے لیے بھارت آئے گی۔ ایمان جب بھارت آئی تھی تو اس کا وزن 500 کلوگرام تھا تاہم سخت غذائی پرہیز اور فزیوتھراپی کی مدد سے اس کے وزن میں 150 کلو گرام کی کمی ہو چکی ہے۔

مذکورہ ڈاکٹر نے بھارتی اخبار کو بتایا کہ جمعے کو ہونے والے آپریشن کے ذریعے ایمان کے معدے کے حجم کو 75% کم کر دیا گیا ہے اور اب اسے پروٹین سے بھرپور مائع غذا فراہم کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ ایمان کے خاندان میں موروثی مٹاپے کا کوئی وجود نہیں ہے۔

ڈاکٹر لکڈا والا کے مطابق طویل المیعاد فزیو تھراپی کے بعد ایمان کو چلنے اور اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کے لیے ایک سال کا عرصہ درکار ہوگا۔ انہوں نے باور کرایا کہ ایمان کے گوشت اور روٹی کھانے پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے جب کہ اس کو پروٹین سے بھرپور مائع کی صورت میں غذائی سپلیمنٹ ، فائبر سپلیمنٹ اور ڈیری مصنوعات کی اجازت دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں مساج اور جوڑوں کو متحرک کرنے کے لیے فزیو تھراپی کی تاکید کی گئی ہے تاکہ جسم کے اندر چکنائی کو جلایا جا سکے اور دورانِ خون بہتر ہو۔